پنجاب اور کے پی میں انتخابات تا حکم ثانی ملتوی؟

 

اسلام آباد : پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کے نئے انتخابات کے بارے میں الیکشن کمیشن نے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر لی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں صوبوں میں انتخابات تاحکم ثانی ملتوی ہونے کا امکان ہے۔

 

سینئر صحافی حنیف خالد کی رپورٹ کے مطابق مشاورت کے نتیجے میں آئندہ 24گھنٹے کے اندر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوگا جس میں جو فیصلے ہونگے ان کا اعلان کل یا پرسوں تک کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

 

الیکشن کمیشن نے جی ایچ کیو، ڈائریکٹریٹ جنرل آف ملٹری انٹیلی جنس، آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز، وزارت دفاع، وزارت داخلہ، وزارت خزانہ ، وزارت قانون ، ہائی کورٹس سمیت دونوں صوبوں کے آئی جیز،‘ چیف سیکرٹریز، نگران وزرائے اعلیٰ ، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان ، گورنر خیبر پختونخوا غلام علی اور دیگر سٹاک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

 

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ مشاورت کی روشنی میں الیکشن کمیشن کے سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے ممبرز سے مشاورت کرینگے جس کی روشنی میں انتخابات کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔

 

رپورٹ کے مطابق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت کے سیکرٹری خزانہ نے قومی و صوبائی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 65ارب روپے کے فنڈز کے اجرا سے معذرت کی ہے۔

 

جب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکرٹری خزانہ کے ساتھ میٹنگ کے دوران یہ تک کہا کہ فوری طور پر فی الحال پنجاب اسمبلی ، کے پی اسمبلی کے انتخابات کیلئے 25 ارب کے فنڈز جاری کر دیں تو بتایا گیا کہ ملک کی معاشی صورتحال اتنی بھاری رقم جاری کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔