وزیراعظم شہباز شریف کا ترک صدر سے رابطہ، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کرکے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔

 

وزیراعظم نے ترک صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں، غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔

 

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیہ کی حکومت اور عوام سے بھرپور تعاون کریں گے۔

ترک صدر نے ٹیلی فون اور حمایت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آپ کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔

 

یاد رہے کہ ترکیہ اور شام میں آج صبح آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اب تک 1500 سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں افراد زخمی ہیں۔