سی ٹی ڈی کی حب ریور روڈ ناردرن بائی پاس کے قریب کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

کراچی: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ آپریشن گارڈن نے وفاقی حساس ادارے کی معاونت سے حب ریور روڈ ناردرن بائی پاس کے قریب چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم ایس آر اے کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی سندھ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ موچکو حب ریور روڈ ناردرن بائی پاس الواجد کوئٹہ دربار ہوٹل کے قریب کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کی۔ 
کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی پولیس نے کالعدم دہشت گرد تنظیم ایس آر اے کے 3 دہشت گردوں فیاض علی جمالی ، علی اصغر اور شعیب علی کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد ، نائن ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کر لیں۔ 
ترجمان کے مطابق چھاپہ مار کارروائی میں 2 دہشت گرد انعام عباسی اور نور محمد فرارہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں، گرفتار دہشت گردوں نے اندرون سندھ بم دھماکوں ، قتل اور اقدام قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کے فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں نے کسی بڑی کارروائی کا منصوبہ بنایا ہوا تھا تاہم سی ٹی ڈی حکام اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔