پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاورپولیس نے کوہاٹ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ و ایمونیشن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر ملزم جہانگیر ولد خان افضل کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کوہاٹ روڈ پر کارروائی کی اور اس دوران ملزم جہانگیر ولد خان افضل کو گرفتار کیا گیا جو درہ آدم خیل کا رہائشی اور بین الصوبائی اسلحہ سمگلر گروہ کا کارندہ ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران دو عدد کلاشنکوف، دو عدد بندوق، دو عدد پستول سمیت ساڑے 8 ہزار مختلف بور کے کارتوس بھی برآمد کئے۔
ملزم سوزوکی گاڑی کے ذریعے غیر قانونی اسلحہ ایمونیشن سمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ تھانہ بڈھ بیر پولیس نے زنگلی چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران ملزم کو گرفتار کیا۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اسلحہ سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے اور سمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والی گاڑی بھی پولیس قبضہ میں لے لی گئی ہے اورملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔