عمران خان ڈرپوک ہے اور زمان پارک میں بیٹھ کر گندم سیاست کر رہا ہے: فیصل کریم کنڈی

لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنماءفیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان زمان پارک میں بیٹھ کر گندم سیاست کر رہے ہیں اور پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومتوں نے جان بوجھ کر گندم دینا بند کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کسی کو کسی کا حق نہیں کھانے دیں گے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 لاکھ افراد کے کارڈ بلاک کردیئے تھے جنہیں ہم نے دوبارہ کھول دیا ہے البتہ کچھ لوگوں کی زندگی بہتر ہوچکی ہے ان کے کارڈ نہیں کھلیں گے۔ 
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج سب سے بڑا مسئلہ خیبر پختونخوا میں چل رہا ہے، خیبر پختونخوا اور پنجاب حکومتوں نے گندم دینا جان بوجھ کر بند کردی ہے اور عوام کو دانستہ طور پر مشکلات میں ڈالا جا رہا ہے، عمران خان زمان پارک میں بیٹھ کر گندم سیاست کررہے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دہشت گردوں کو پناہ دے رہی ہے، خیبر پختونخوا میں ایم پی اے نے پی ٹی آئی چھوڑی تو اگلے ہی دن ان کے گھر پر گرنیڈ حملہ کردیا گیا، پی ٹی آئی کو سیاست نہیں بلکہ غنڈہ گردی آتی ہے ، عمران خان ایک ڈر پوک بندہ ہے جیسے ہر طرف سے ڈر لگتا ہے اور وہ الیکشن کمیشن میں بھی کمرے میں چھپ کر بیٹھا رہے گا ، اگر عمران خان لیڈر ہے تو باہر نکل کر عوام کو اکٹھا کرے۔ 
رہنماءپیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان نے جو 15 ارب سیلاب زدگان کے لئے اکٹھے کئے کہاں گئے؟ صدقہ خیرات کھانے والوں نے سیلاب متاثرین کی امداد بھی کھا لی، عمران خان اب وزیر اعظم نہیں بن سکتا ہے اور اس کے دل میں بغض زرداری ہے۔