عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخواہ میں 7 جنوری سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخواہ میں 7 جنوری سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان سے خیبر پختونخوا کے اراکین قومی اسمبلی کی ملاقات کی جس دوران خیبر پختونخوا کے اراکین قومی اسمبلی نے نامعلوم فون کالز پر پارٹی چھوڑنے کی دھمکی سے آگاہ کیا۔ 
ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں 7 جنوری سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے تحت 7 جنوری سے روزانہ 3 مختلف حلقوں میں احتجاج ، ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد ہوں گے۔ 
عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوامیں دہشت گردی میں اضافہ انتہائی افسوسناک ہے، ہماری ساڑھے 3 سال کی محنت پر امپورٹڈ حکومت نے پانی پھیر دیا، ملکی معیشت دن بدن خطرناک تباہی کی طرف جارہی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کیلئے فوری عام انتخابات کا اعلان کیا جائے، نالائق اور نااہل حکومت کی ناکامیوں نے پاکستان کی مشکلات بڑھا دی ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری عروج پرہے،ہر پاکستانی احتجاج کیلئے باہر نکلے۔