شاہین شاہ آفریدی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد 

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے دو کھلاڑیوں اور ایک پاکستانی کھلاڑی کو نومبر 2022 کے مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کیلئے شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کو ٹی20 ورلڈکپ جتوانے والے کپتان جوز بٹلر کو بھارت کیخلاف سیمی فائنل میں 49 گیندوں پر 80 بنانے اور ایلکس ہیلز کے ساتھ 170 سے زائد رنز کی اوپننگ شراکت داری کرنے پر پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ جوز بٹلر نے یونٹ کے فائنل میں پاکستان کیخلاف بھی جارحانہ آغاز فراہم کیا تھا اور شاندار کپتانی کرتے ہوئے قومی ٹیم کو محض 137 رنز تک محدود رکھا تھا۔
ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے پہلے تین میچوں عادل راشد کی پرفارمنس غیر متاثرکن رہی تھی تاہم آخری تین میچوں میں انہوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو میگا ایونٹ کی ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ عادل راشد نے سری لنکا کے خلاف میچ میں 4 اوورز میں صرف 16 رنز کے عوض ایک وکٹ کا شاندار سپیل کروایا اور پلیئر آف دی میچ کی کارکردگی پیش کی جس پر انہیں بھی نامزد کیا گیا ہے۔ 
شاہین آفریدی انجری سے نجات حاصل کرنے کے بعد ٹی20 ورلڈکپ میں شریک ہوئے اور پاکستان کی جانب سے 14.09 کی اوسط اور 6.15 کی اکانومی ریٹ کے ساتھ 11 وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ انگلینڈ کے خلاف فائنل میچ میں زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے اور یہی میچ کا ٹریننگ پوائنٹ بھی ثابت ہوا۔ 
شاہین شاہ آفریدی کی بہترین کارکردگی سپر 12 مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں رہی جنہوں نے 4 اوورز کے سپیل میں صرف 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں بھی انہوں نے 4 اوورز میں صرف 24 رنز دے کر فن ایلن اور کین ولیم سن کی اہم وکٹیں حاصل کر کے قومی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔