حکومت گوگل کو ادائیگیوں پر رضامند، پیڈ سروس بند ہونے کا خدشہ ختم

سلام آباد: پاکستان میں موبائل صارفین کیلئے خوشخبری ہے کہ حکومت کی گوگل کو ادائیگیوں پر رضامندی کے بعد پاکستان میں گوگل کی پیڈ سروس بند ہونے کا خدشہ ختم ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام امین الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا وزارت خزانہ گوگل کو ادائیگیوں پر رضامند ہو گیا ہے اور ادائیگیاں شیڈول کے مطابق ہوں گی جس کے بعد اب پاکستان میں گوگل کی پیڈ ایپس بند نہیں ہوں گی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کو ایکی ماہ تک پالیسی پر عملدرآمد موخر کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ ٹیلی کام آپریٹرز کو ادائیگیوں کے طریقہ کار پر عملدرآمد کیلئے ایک ماہ کا وقت دیدیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام آپریٹرز نے وزارت آئی ٹی سے معاملے پر معاونت کی اپیل کی تھی جس کے بعد اب ایک ماہ کے اندر وزارت آئی ٹی، خزانہ اور سٹیٹ بینک باہمی مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ نے رابطہ کیا تھا اور اس ضمن میں بروقت فیصلے پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ کے مشکور ہیں۔