پنجاب حکومت تبدیل کرنے کا لائحہ عمل بنالیا، نئے وزیراعلیٰ کا فیصلہ پی ڈی ایم قیادت کرے گی: احسن اقبال 

 

شکرگڑھ : وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا اس کا فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی۔

 

شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ  آئندہ انتخابی مہم کی قیادت نواز شریف کریں گے ۔ پنجاب حکومت آئینی حدود سے تجاوز کر رہی ہے۔پنجاب میں کوئی چیف سیکریٹری  اور آئی جی کام کرنے کو تیار نہیں۔

 

احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت کو جمہوری انداز میں رخصت کریں گے۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ پی ڈی ایم قیادت کرے گی ۔ملک کو  معاشی استحکام کیلئے انتشار سے پاک کرنے کی  ضرورت ہے۔

 

وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ،پنجاب حکومت کے وسائل سے ملک میں انتشار پھیلا رہی ہے۔ ق لیگی ایم پی ایز اپنے صدر کی ہدایات پر ووٹ دیں تو پنجاب حکومت ختم ہو جائیگی ۔

 

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے فیصلہ کی بنیاد پر قائم ہے۔پنجاب حکومت کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔