عمران خان پر قاتلانہ حملے میں جاں بحق کارکن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حیران کن انکشاف

لاہور: وزیرآباد میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر قاتلانہ حملے میں جاں بحق کارکن معظم گوندل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ۔

 

ہسپتال ذرائع کے مطابق معظم گوندل کو لگنے والی گولی بڑی گن کی لگتی ہے ۔ خدشہ ہے معظم کو لگنے والی گولی ملزم نوید کی پستول کی نہیں ہے ۔ ہسپتال انتظامیہ کا کیمرے کے سامنے مؤقف دینے سے گریز ۔

 

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اپنے بیان میں یہ کہہ چکے ہیں کہ لانگ مارچ کے دوران اُن پر کئی اطراف سے فائرنگ کی گئی تھی ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق اُن کی جان کو اب بھی خطرہ ہے اسلیے اُن کی رہائش گاہ پر سرکاری اخراجات پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

 

عمران خان کے زمان پارک والے گھر کی سیکیورٹی پر 584 پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہیں جبکہ 4 ایس پیز، 6 ڈی ایس پیز، 16 ایس ایچ او ز کو سیکیورٹی پر لگایا گیا ہے ۔

 

ذرائع کے مطابق زمان پارک میں عمران خان کے گھر کے اطراف 10 فٹ اونچی موو ایبل بم پروف دیواریں بھی بنائی گئی ہیں اور اضافی سیکیورٹی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں ۔

 

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئیک ریسپانس فورس کی 18 ٹیمیں 3 شفٹوں میں کام کریں گے جبکہ نہر کی طرف سے آنے والی سڑک کو بھی سیل کر دیا گیا ہے ۔