محمد حارث کی دھواں دھار بیٹنگ ، محمد رضوان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی 

 

ایڈیلیڈ: وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے ورلڈ کپ کے دو میچوں میں دھواں دھار بیٹنگ سے محمد رضوان کے لیے خطرے کی گھنٹے بجادی ہے۔ کرکٹ پنڈتوں کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کو آرام دے کر اب محمد حارث کو موقع دینا چاہیے۔

 

کرکٹ ماہرین کی طرف سے پاکستان کو متعدد میچوں میں فتح دلوانے والے شاندار وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی سلو بیٹنگ پر تنقید کی جاتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں محمد رضوان کا سٹرائیک ریٹ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے معیار کا نہیں ہے اس کے باوجود ماہرین مانتے ہیں محمد رضوان مشکل حالات میں پاکستانی ٹیم میں آئے تھے اور انہوں نے اپنی کارکردگی سے ہی اپنی جگہ بنائی ہے۔

 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں محمد رضوان فارم میں نظر نہیں آئے ان سے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی نمبر پوزیشن بھی چھن گئی اور ان کی کارکردگی معیاری نہیں رہی جس پر ان پر تنقید کی جا رہی ہے جبکہ محمد حارث کو 2 میچوں میں موقع دیا اور اس نے اپنی سلیکشن درست ثابت کی۔

 

واضح رہے کہ محمد رضوان نے نیدر لینڈ کے خلاف 39 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی ۔ زمبابوے کے خلاف میچ میں 87 کے سٹرائیک ریٹ سے 16 گیندوں پر 14 رنز بنا سکے۔ بھارت کے خلاف میچ میں صرف 33 کے سٹرائیک ریٹ سے 12 گیندوں پر 4 رنز بنا سکے تھے۔

 

محمد حارث نے بنگلہ دیش کے خلاف اہم میچ میں 172 کے سٹرائیک ریٹ سے 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے جس میں 2 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ اورمحمد رضوان نے 100 کے سٹرائیک ریٹ سے 32 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

 

جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں بھی محمد حارث نے دھواں دھار اننگز کھیلی تھی اور 255 کے سٹرائیک ریٹ سے 11 گیندوں پر 28 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ محمد رضوان اس میچ میں 4 گیندوں پر 4 رنز بنا سکے تھے ۔