’مبارک ہو پاکستان! آج باجی مریم بھی بری ہو گئیں‘

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں نے ردعمل دیا ہے۔ شہباز گل کا کہنا ہے کہ تمام چوری حلال ہو گئی جبکہ اسد عمر نے کہا یہ ہیں وہ اصل مقاصد جن کیلئے سازش کر کے عمران خان کو ہٹایا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا ’مبارک پاکستان آج باجی مریم بھی بری ہو گئیں۔ تمام چوری حلال ہو گئی۔ ڈار صاحب بھی جلدی بری ہو جائیں گے۔ لگتا ہے نواز شریف صاحب بھی جلدی ہی بری ہو جائیں گے۔ جس سپیڈ سے شریف خاندان کو این آر او ٹو ملا۔ نیب کے وکیل تو مریم کے وکیل لگ رہے تھے۔ آج کے اس فیصلے سے پاکستان 30 سال پیچھے چلا گیا۔‘ 

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ’روز مہنگائی بڑھ رہی ہے اور روز امپورٹڈ حکومت کے لیڈروں کے مقدمے خارج ہو رہے ہیں۔ یہ ہیں وہ اصل مقاصد جن کیلئے سازش کر کے عمران خان کو ہٹایا۔‘ 

میاں اسلم اقبال نے لکھا ’پی ڈی ایم کا منتخب حکومت کو گرا کر اقتدار حاصل کر کے این آر او 2 لینے کا مشن تیزی سے منزل کی جانب گامزن ہے۔ ایک ایک کر کے سب لٹیروں کو بری کیا جا رہا ہے گویا جیسے ملک میں ڈاکو راج نافذ کر دیا گیا ہو۔‘ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں این آر او ٹو نامنظور کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔‘ 

حماد اظہر نے لکھا ’آج کے فیصلے سے نون لیگ خود بھی تھوڑی شرمندہ سی نظر آ رہی ہے۔‘