آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس، اسحاق ڈار کا آج احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان 

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا آج احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں آج احتساب عدالت میں پیش ہو کر سرینڈر کرنا تھا تاہم امکان ہے کہ وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج آج چھٹی پر ہیں اور آئی جی پولیس نے جب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو یہ بتایا تو ان کا کہنا تھا کہ جب جج آئیں گے ہم بھی اسی روز آ جائیں گے۔ 
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو جب یہ معلوم ہوا کہ احتساب عدالت کے جج آج چھٹی پر ہیں تو وہ اور دیگر رہنماءعدالت سے واپس چلے گئے۔ 
واضح رہے کہ اسحاق ڈار کی عدالت پیشی کے تناظر میں احتساب عدالت کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ جوڈیشل کمپلیکس جانے والے راستے کو خاردار تار لگا کر عام ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ 
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری 7 اکتوبر تک معطل کر رکھے ہیں اور عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کہا تھا کہ ملزم اگر عدالت میں خود پیش ہونا چاہتا ہے تو اسے ایک موقع ضرور دینا چاہئے۔