عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت آج ہو گی 

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) آج عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔ الیکشن کمیشن کو عمران خان کا جواب مقررہ وقت پر موصول نہیں ہوا تھا جبکہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور اسد عمر کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جواب جمع کراتے ہوئے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے ان کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔ 
عمران خان نے اپنے تحریری جواب میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس آئین کے خلاف ہے جبکہ میں نے الیکشن کمیشن کی توہین نہیں کی تاہم اپنے بیانات میں الیکشن کمیشن کے کردار پر خدشات کا اظہار ضرور کیا، مگر الیکشن کمیشن کے پاس توہین کے مقدمات سننے کا اختیار نہیں ہے۔