حکومت نے صدر کو پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیلئے مدعو کر لیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کیلئے باضابطہ طور پر مدعو کر لیا ہے اور یہ اجلاس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں طلب کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے صدر مملکت عارف علوی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیلئے مدعو کیا ہے اور اس حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے تحفظات بھی دور ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر کے پارلیمنٹ سے مشترکہ خطاب سے متعلق وفاقی حکومت، اتحادی جماعتوں اور سپیکر آفس میں طویل مشاورت ہوئی اور حکومت صدر مملکت کو خطاب کی دعوت دینے سے قبل دیگر آپریشنز پربھی غورکیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مخلوط حکومت کوخدشہ تھا کہ صدر اپنے خطاب میں سیاسی تناظر میں الفاظ استعمال کر سکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت صدر مملکت کو تحریری جبکہ صدر مملکت فی البدیہہ خطاب کے آپشنز پر غور کر رہے تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی اسمبلی کے آئینی اور قانونی ماہرین نے وفاقی حکومت کو حکمت عملی سے آگاہ اور خطاب کے بارے میں قائل کیا کہ صدر مملکت کا مشترکہ اجلاس سے خطاب نئے پارلیمانی سال کیلئے ضروری ہے۔