اسلام آباد میں ڈینگی سے مزید ایک شخص جاں بحق 

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی سے ایک اور شخص انتقال کر گیا جس کے بعد گزشتہ پانچ روز میں ڈینگی سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیاءکے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 75 افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ڈی ایچ او نے بتایا کہ ڈینگی سے انتقال کرنے والا شخص ترلائی، اسلام آباد کا رہائشی تھا اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ رواں سال ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو چکی ہے۔ 
ڈاکٹر زعیم ضیاءکا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیہی علاقوں میں 54 اور شہری علاقوں میں 21 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں جس کے بعد اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 743 ہو گئی ہے۔