ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ، پاک فوج کے 2 جوان شہید 

راولپنڈی: بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب خوست میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کر دیا جس دوران والی جھڑپ میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان میں ہرنائی کے قریب خوست میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا جسے پاک فوج کے جوانوں نے پسپا کر دیا اور دہشت گرد فرار ہو گئے۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی سے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا قریبی پہاڑوں میں تعاقب کیا گیا اور پہاڑوں میں گھیراؤ کے دوران بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران نائیک عاطف اور سپاہی قیوم نے جام شہادت نوش کیا جبکہ میجر عمر ملک دشمن عناصر سے مقابلہ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے۔ 
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔