لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ مشاورت سے قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا ، جتنے بہترین کھلاڑی دستیاب تھے انہیں منتخب کیا گیا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس کو مانیٹر کیا جائے گا ۔ ڈاکٹرز کی موجودگی میں ری ہیب جلدی ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے سیریز عرصے بعد آئی ہے ۔ کنڈیشن دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ نوجوانوں کو موقع دینا ہے یا نہیں ۔
بابر اعظم نے کہا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں سوچا ، فوکس نیدر لینڈز سیریز پر ہے ۔ پاکستان بھارت میچ کا دباؤ نہیں ہے ۔ کوشش ہے دباؤ میں آئے بغیر بہترین کرکٹ کھیلیں ۔
انہوں نے کہا کہ حسن علی ٹیم میں شامل ہیں ۔ شاداب خان کو اوپر کھلانے کا چانس دیں گے ۔ شاہنواز دھانی ، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر جیسے باؤلرز موجود ہیں ۔
کامن ویلتھ گیمز پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ گولڈ میڈل جیت کر نوح دستگیر اور ارشد ندیم نے پاکستان کا نام روشن کر دیا ۔