شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر حملہ، 4 فوجی جوان شہید

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر خود کش حملہ ، 4 فوجی جوان شہید ہو گئے ۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق شہدا میں لانس نائیک شاہ زیب ، لانس نائیک سجاد ، سپاہی عمیر اور سپاہی خرم شامل ہیں ۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے ۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

 

ادھر ، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرِستان کے علاقے میر علی میں فوجی جوانوں کے قافلے پر خود کش حملے کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرِ ستان میں خودکش حملے کے نتیجے میں 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا ۔

 

وزیر اعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشتگری کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اسکا مقابلہ کرتی رہے گی ۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے ، دہشتگری سے مقابلہ کرتے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ، خدا تعالی شہداء کے درجات بلند کریں اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے ۔