کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا

برمنگھم: کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا ۔ پاکستان کے نوح دستگیر بٹ نے 109 پلس ویٹ لفٹنگ میں گولڈ میڈل جیتا ۔

 

تفصیلات کے مطابق نوح دستگیر بٹ نے مجموعی طور پر 405 کلو گرام وزن اٹھا کر گولڈ میڈل جیتا ۔ نوح دستگیربٹ نے کہا ، الحمداللہ ! آج میری زندگی کا سب سے خوشی والا دن ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب میری ماں ، باپ ، دوستوں اور ہم وطنوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے ۔

 

ویل ڈن بٹ صاحب! وزیراعظم شہباز شریف نے نوح دستگیر بٹ کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے شاہ حسین شاہ جوڈو میں برونز میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے ۔ برمنگھم میں جاری ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑی نے جنوبی افریقی حریف کو شکست دی ، برونز میڈل کی فلائٹ میں شاہ حسین شاہ نے دس صفر سے کامیابی حاصل کی ۔ شاہ حسین شاہ نے دو ہزار چودہ کے کامن ویلتھ گیمز میں سلور میڈل جیتا تھا ، انتیس سالہ پاکستانی جوڈوکاز کے والد حسین شاہ نے 1988 کے اولمپک گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا ، جو کسی بھی پاکستانی کا پہلا اولمپک میڈل تھا ۔

 

واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں تمغوں کی دوڑ جاری ہے ، میڈلز ٹیبل پر آسٹریلیا سب سے آگے ہے ۔ برمنگھم میں جاری مقابلوں میں آسٹریلیا 42 گولڈ میڈل سمیت 106 تمغے جیت کر سرفہرست ہے ۔ انگلینڈ کی دوسری اور نیوزی لینڈ کی تیسری پوزیشن ہے ، ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑی اب تک نمایاں پرفارمنس نہیں دکھا سکے ۔