اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ہم پر جھوٹے الزامات لگائے ۔ چیف الیکشن کمشنر اور فیصلے کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل جائیں گے ۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ کل ہم اس فیصلے کے خلاف پُرامن احتجاج کر رہے ہیں ، ملک میں صاف وشفاف الیکشن کروائیں تاکہ دنیا ہم پر اعتماد کرے ، الیکشن کی تاریخ دے دیں تو ہم ہر قسم کی بات کیلئے تیار ہیں ۔ ہم انتخابات میں پوری طرح حصہ لیں گے ، سب سیٹوں پر الیکشن کرائے جائیں ۔ سوال ہے کیا تھوڑے تھوڑے الیکشن کرانے سے ملک کی بہتری ہوگی ؟
انہوں نے کہا کہ سکندر سلطان نے 8 فیصلے ہمارے خلاف کیے ، 163 طریقے سے الیکشن میں دھاندلی ہوتی جبکہ ای وی ایم مشین سے 130 طریقے ختم ہوجاتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کا ایک آدمی دو جگہ سے تنخواہ لے رہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب لوگوں کو خریدا گیا تو بدنیت چیف الیکشن کمشنر نے ایکشن نہیں لیا ۔ سندھ ہاؤس میں کھلے عام پیسہ چلا چیف الیکشن کمشنر کو شرم نہیں آئی ۔ یو سف رضا گیلانی کے سینیٹ الیکشن میں پیسہ استعمال ہوا ۔ ملک میں جوئے کے پیسے سے الیکشن اور لوگوں کو خریدا جارہا ہے ۔ یہ ملک کا نہیں اپنی دولت بچانے کا سوچ رہے ہیں ۔ ان پارٹیوں کے لیڈران کے اربوں ڈالرز باہر پڑے ہیں ۔ ان کے بچے ، دولت اور کاروبار ملک سے باہر ہیں ۔ شریف برادران اور زرداری کی ذاتی دولت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے 2012 میں کمپنیز سے پیسہ اکٹھا کیا ، کمپنیوں سے پیسہ اکٹھا نہ کرنے کا قانون 2017 میں بنا ہے ۔ پیسہ اکٹھا کرکے پی ٹی آئی نے کوئی قانون نہیں توڑا ۔ کسی قانون میں نہیں ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے پیسہ اکٹھا نہیں کرسکتے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی فنڈنگ سامنے نہیں لا رہا ، الیکشن کمیشن حکومت کے ساتھ سازش میں ملوث ہے ۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے بڑے بڑے سیٹھ پالے ہیں جن سے پیسے لیتے ہیں ۔ جنرل پاشا نے پارلیمنٹ میں کہا تھا فضل الرحمان کو لیبیا سے فنڈنگ آتی ہے ۔ قوم کو پتا چلے ان کو پیسہ کہاں سے آتا ہے ۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے یہ کس چیز پر گرفتار کریں گے ، یہ سوچنا چاہئے ۔ میرا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ میں باہر جانا ہی نہیں چاہتا ، میری بیرون ملک دولت ہے نہ فلیٹ ہیں ۔ جب ان کو ای سی ایل میں ڈالا جاتا ہے تو ڈر جاتے ہیں ان کی دولت باہر پڑی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بھائی کے لندن جانے کیلئے جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا ، کیا شہباز شریف کو نااہل نہیں ہونا چاہئے؟ کیا نیوٹرل کو نظر نہیں آرہا ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ۔ روس سے ہم نے معاہدے کرنا شروع کر دیئے تھے سب رک گیا ہے ۔ بھارت روس سے سستا تیل خرید رہا ہے ۔ پاکستان کی پوزیشن ہر گزرتے دن کے ساتھ نیچے جارہی ہے ۔ پاکستان کی اکانومی نیچے گرتی جارہی ہے ۔ ہمیں کوئی ایسا عمل نہیں کرنا چاہیے جس سے ہمارے حالات خراب ہوں ۔ پاکستان کی بہتری کیلئے الیکشن فوری طور پر ہونے چاہیے ، مجھے نظر نہیں آرہا کہ الیکشن کروائے جائینگے ۔