’اگر آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکج جلد نہ آیا تو پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے‘

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکج جلد نہ آیا تو پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے ۔

 

اپنی ٹویٹ میں سربراہ عوامی لیگ نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے بدترین معاشی اور سیاسی بحران سے گزر رہا ہے ۔ زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حالات میں غریب کا نہ چولہا جل رہا ہے ، نہ وہ بجلی کا بل دے سکتے ہیں ، نہ بچوں کی فیس ، غریب وینٹی لیٹر پر ہے ۔ سیکڑوں فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں ۔

پی ٹی آئی کے اتحادی رہنما نے کہا کہ سیاسی انتشار ، خلفشار اور عدم استحکام پاکستان کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے ۔ مداخلت نرم ہو ، گرم ہو یا سخت ، سب کو مل کر ملک بچانا ہے ، ہر دن قیمتی ہے ۔ سب لوگوں کو مل کر بیٹھنا ہے ورنہ لوگ فیصلے خود اپنے ہاتھوں میں لے لیں گے ۔ مہنگائی کی شرح 38 فیصد بڑھ گئی ہے اور غریب آٹا بھی نہیں لے سکتا ۔