لاہور : پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد پرووٹنگ اور نئے اسپیکر کا انتخاب آج کیا جائے گا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین نواب زادہ وسیم خان بادوزئی کی زیر صدارت ہوا جس میں حکومتی رکن اسمبلی محمد بشارت راجہ نے قرارداد پیش کرنے کے لیے رولز کو معطل کرنے کی درخواست کی۔ ایوان کی اجازت کے بعد محمد بشارت راجہ نے نئے اسپیکر کے انتخاب اور ڈپٹی اسپیکر کو ہٹانے کے لیے قرارداد پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ چودھری پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر اسپیکر کا عہدہ خالی ہوگیا ہے اس لیے یہ ایوان رولز آف پروسیجر کے قاعدہ 11 (1) اور 12 (3) کو معطل کر کے اسپیکر کا انتخاب چاہتا ہے ۔ نیز ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کے لیے 29 جولائی جمعتہ المبارک سہ پہر 4 بجے مقرر کرتا ہے۔
دوسری طرف چئیرمین نے اسپیکر کے انتخاب کے لیے آج چار بجے کا وقت مقر کردیا۔ شام 4 بجے رائے شماری سے پہلے کسی بھی وقت کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں۔ اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔
اسپیکر کے انتخاب کے لئے حکومتی رکن سبطین خان اور ن لیگ و اتحادی جماعتوں کے متفقہ امیدوار سیف الملوک کھوکھر نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔