ڈپٹی سپیکر کی رولنگ، عمران خان نے عوام کو آج رات احتجاج کی کال دیدی 

 

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ پر ابھی تک حیران ہوں۔ مغربی ممالک میں جمہوریت کے فائدے ہیں۔ برطانیہ میں جمہوریت کیوں چلتی ہے کیونکہ وہ ایک قانون توڑتا ہے توا س کو استعفیٰ دینا پڑتا ہے۔ اب ساری نظریں سپریم کورٹ پر ہیں ۔ چودھری شجاعت کا خط موثر نہیں ۔عدالت اپنا فیصلہ دے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے بعد اپنے لائیو رد عمل میں عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کی بنیاد اخلاقیات پر ہوتی ہے۔ سندھ ہاؤس میں پہلے منڈی لگی۔ جس طرح منڈی میں بھیڑ بکریاں بکتی ہیں اسی طرح پارلیمنٹ کے رکن بکے۔ وہاں بھی پاکستان کے سب سے بڑے ڈاکو نے ارکان اسمبلی کو خریدا۔

 

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے سندھ کا پیسہ ایم این ایز کو خریدنے کے لیے استعمال کیا۔ یوسف رضا گیلانی کا بیٹا رشوت دیتے پکڑا گیا لیکن کچھ نہیں ہوا۔ پارلیمنٹ کے پاس فوج نہیں ہوتی اخلاقی طاقت ہوتی۔

 

عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کے خلاف جو کارروائی ہوئی اس کے خلاف میں عوام میں گیا اور ضمنی انتخاب میں عوام نکلے اور ہمیں ووٹ دیا۔ عوام بیرونی سازش کی وجہ سے نکلی اور سب سے کرپٹ ترین لوگوں کو ملک پر بٹھادیا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ آج وزارت اعلیٰ کا الیکشن ہونا تھا لیکن یہ رات کو چودھری شجاعت کے پاس پہنچ گیا۔ یہ 14 سال سے سندھ کو لوٹ رہا ہے۔ آصف زرداری بلیک کے پیسے سے ووٹوں کو خریدتا ہے۔ یہ مافیا ہیں یہ سیاستدان نہیں۔ یہ عوام کو انسان نہیں سمجھتے۔ چودھری شجاعت حسین کے خط کی کوئی وقعت نہیں ۔ ڈپٹی سپیکر کو شرم نہیں آتی ۔

 

عمران خان نے کہا کہ عوام کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے آج کو کچھ کیا اس سے معیشت مزید تباہ ہوگی۔لوگ ان کو کبھی نہیں مانے گی۔ انہوں نے عوام کو کہا کہ وہ پر امن احتجاج کے لیے باہر نکلیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ بند کمروں میں فیصلے نہیں ہوں گے۔