پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا رجحان جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس موذی وباءسے مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 2.24 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 51 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ 
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 779 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ زیر علاج مریضوں میں سے 182 کی حالت تشویشناک ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 44 ہزار 910 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات کی تعداد 30 ہزار 428 تک جا پہنچی ہے۔ 
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 22 ہزار 99 ٹیسٹ کئے گئے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 2 کروڑ 92 لاکھ 56 ہزار 82 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔