پنجاب کی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب کی مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے دو اقلیتی اور تین خواتین ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر بتول زین، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس نسیم کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جبکہ اقلیتی نشستوں پر حبکوک رفیق بابو اور سیموئیل یعقوب کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ 
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے تمام ارکان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے۔ 
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے 25 ارکان پنجاب اسمبلی کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد 3 خواتین اور 2 اقلیتی نشستیں نئے ارکان کو دینے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 20 نشستوں پرضمنی انتخاب کے بعدپارٹی پوزیشن کے تحت مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ نے اس معاملے پر 27 جون کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔