لوڈشیڈنگ پر قابو پانا ہماری ذمہ داری اور ہم کوششیں کر رہے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانا ہماری ذمہ داری ہے، گیس میں کمی سے صنعتوں کو دھچکا لگتا ہے تو بجلی میں کمی سے عوام بددعائیں دیتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری لوڈشیڈنگ سے متعلق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاور پلانٹس کی مرمت کرکے انہیں استعمال کے قابل بنایا لیکن سابق حکومت نے ان کی مرمت کے حوالے سے کچھ نہ کیا، اب ان پلانٹس کو بھی جلد از جلد چلائیں گے جو کھلنے میں تاخیر کا شکار ہیں۔ 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ترقی یافتہ ممالک نے گیس خرید رکھی ہے لیکن سابق حکومت نے سستی گیس خریدنے کا موقع ضائع کیا جبکہ ہم نے مہنگی گیس خریدنے سے گریز کیا کیونکہ اس وقت عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ تیل و گیس مہنگی داموں خریدنے پر زیادہ زرمبادلہ خرچ ہوجاتا ہے اور ہم قوم کی ایک ایک پائی بچانے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں،  پن بجلی کے منصوبوں میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی جبکہ کوئلے کی قیمت کو آگ لگی ہوئی ہے اور گیس مہنگی ہوچکی ہے، اگر ہم گیس میں کمی کرتے ہیں تو صنعتوں کو دھچکا لگتا ہے اور بجلی میں کمی کرتے ہیں تو عوام بدعائیں دیتے ہیں۔