پاکستان میں کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہونے لگا

اسلام آباد: ملک بھر میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 694 نئے مریض سامنے آئے ہیں البتہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 17 ہزار 640 ٹیسٹ کئے گئے ہیں ، کورونا کا شکار 101 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 
دوسری جانب پاکستان میں کورونا وباءکے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے کے سبب ہوائی سفر، پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک لگانے کی پابندی دوبارہ عائد کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چند ماہ میں کوویڈ کیسز کی شرح انتہائی کم رہی جس کے باعث ناصرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا بلکہ تمام پابندیاں بھی ہٹا دی گئی تھیں۔
تاہم ملک بھر میں ایک بار پھر کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے شہریوں کو ماسک کا استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔