وزیراعظم کی قوم سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی اپیل

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر قوم سے کورونا سے متعلقہ ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’ ملک میں کورونا کیسز کی پھر سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ کورونا سے متعلقہ ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کریں۔ ہمارے فرنٹ لائن ورکرز اور ڈاکٹرز نے ہمیں محفوظ رکھنے کیلئے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں کورونا کے خلاف ان کی حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو ضائع نہیں کرنا۔‘ 

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کورونا وائرس کی وباءپر قابو پانے کیلئے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں این سی او سی کو مکمل بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ شرح 3 اعشاریہ 50 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 50 ویں نمبر پر ہے۔ 
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک اور کورونا مریض جان کی بازی بھی ہار گیا جس کے بعد کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 30 ہزار 393 تک پہنچ چکی ہے جبکہ کل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 35 ہزار 144 ہو چکی ہے۔