بھارتی ہیلی کاپٹر کی سمندر میں ہنگامی لینڈنگ، 4 افراد ہلاک، 5 زخمی

ممبئی: بھارت کی کمپنی آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن (او این جی سی) کا ہیلی کاپٹر ساحل پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 شدید زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کمپنی کا طیارہ ممبئی سے 9 افراد کو لے جا رہا تھا جن میں کمپنی کے 6 ملازمین بھی موجود تھے تاہم راستے میں ہی اسے حادثہ پیش آ گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے جن میں سے 4 کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ ہیلی کاپٹر کو ممبئی کے ساحل پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی جس کے بعد وہ کچھ دیر تک تیرتا بھی رہا جس دوران ریسکیو ادارے نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاحال ہنگامی لینڈنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم اطلاعات ہیں کہ ہیلی کاپٹر کو کسی تکنیکی خرابی کے باعث فلوٹرز کا استعمال کرتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔ 
واضح رہے کہ آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن (او این جی سی) کے پاس بحیرہ عرب میں تیل کی کئی تنصیبات ہیں جو سمندری تہہ کے نیچے موجود ذخائر سے تیل اور گیس پیدا کرنے کیلئے استعمال ہوتی ہیں۔