بھارت: ٹی وی پر چلنے والا شرمناک اشتہار شدید تنقید کے بعد آف ائیر

نئی دہلی: بھارت میں شرمناک ٹی وی اشتہار کے ذریعے ریپ کلچر کو فروغ دینے پر معروف بالی ووڈ فنکار بھی بول اٹھے  جس کے بعد اشتہار کو ٹی وی سے آف ائیر کر دیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق بھارت میں  پرفیوم کے ایک مخصوص اشتہار نے ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے، جس ملک میں خواتین اب بھی اپنی پہچان بنانے کی کوشش کر رہی ہیں اور مساوی تنخواہ، جنسی ہراسانی اور دیگر مسائل کے لیے لڑ رہی ہیں، وہاں ’شوٹ‘ نامی پرفیوم برانڈ کا اشتہار حال ہی میں متنازعہ مواد کی وجہ سے سرخیوں میں آگیا۔

بھارت کی بہت سی مشہور شخصیات  نے سوشل میڈیا پر اس پر تنقید کی اور اسے ملک میں  ریپ  کے کلچر کا ’فروغ‘ دینے کا باعث قرار دیا۔

معروف بالی ووڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا، ریچا چڈھا، سوارا بھاسکراور فرحان اختر  نے اشتہار پر شدید تنقید کی  اور حکام سے فوری اس کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

 

واضح رہے کہ شدید تنقید کے بعد اشتہار کو بھارت میں ٹیلی ویژن چینلز سے آف ائیر کر دیا گیا ہے جبکہ بھارتی حکام کی جانب سے ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا سائٹس کو بھی تحریر طور پر اشتہار کو اپنے پلیٹ فارمز سے ہٹانے کیلئے درخواست کر دی گئی ہے۔