منشیات برآمدگی کیس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے رانا ثناءاللہ عدالت طلب

لاہور : عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو طلب کرتے ہوئے 25 جون کو کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی داخلہ رانا ثناءاللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور عدالت نے انہیں فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرتے ہوئے 25 جون کو کیس سماعت کیلئے مقرر کیا ہے۔ 
عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت رانا ثناءاللہ کی پراپرٹی اور بینک اکاؤنٹس کھولنے کی درخواست پر محکمہ انسداد منشیات (اے این ایف) سے جواب طلب کیا ہے جبکہ رانا ثناءاللہ کی حاضری سے مستقل معذرت کی درخواست پر وکلاءآئندہ سماعت پر دلائل دینے کا حکم دیا ہے۔ 
عدالت کے تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ رانا ثناءاللہ کے شریک ملزمان نے فرد جرم عائد نہ کرنے کی درخواستوں کو واپس لیا اور عدالت نے درخواستوں کو واپس لینے کی بنیاد پر مسترد کر دیا۔ 
رانا ثناءاللہ کی عدم حاضری پر ان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ ہونے کے باعث انہیں جلد اسلام آباد جانا ہے اس لئے وہ پیش نہیں ہوسکے۔