خورشید شاہ سرکولیشن کے ذریعے سمریوں کی منظوری پر ناراض، وزیر اعظم کو خط لکھ دیا 

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے  کابینہ میں سمریوں کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری کے معاملے پر اعتراض اٹھا دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا ۔ کہاکابینہ میں زیر بحث آنے والے معاملات کو سمریوں کی سرکولیشن کے ذریعے منظور کیا جارہا ہے، پچھلے ایک ماہ کے دوران یہی پریکٹس دیکھی گئی ہے۔

 

خورشید شاہ  کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سمریوں کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری تحریک انصاف کی پالیسی اور حکمت عملی تھی،تحریک انصاف کابینہ کے اجلاس میں مسائل پر بحث کرنے سے گریز کرتی تھی، تحریک انصاف سرکولیشن کے ذریعے وزراء سے منظوری حاصل کرنے کو ترجیح دیتی تھی،۔

 

خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اس روایت کو جاری رکھنے سے اچھا تاثر پیدا نہیں ہوتا، آئندہ محکموں کی طرف سے بھیجی جانے والی سمریاں کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی تجویز دیتے ہوئے خورشید شاہ  نے کہا کہ سمریوں کی منظوری سے قبل مسائل کے فوائد اور نقصانات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جا سکے گا۔