لاہور: ملک بھر میں آج یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی میں کیے گئے تاریخی ایٹمی تجربات کے بعد پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 24 سال مکمل ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یوم تکبیر کو قومی جوش و جذبے اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ حکومت نے یوم تکبیر کو منانے کے لیے 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا تھیم "نہ جھکے تھے، نہ جھکے گے” رکھا گیا۔
28 مئی 1998 کے تاریخی دن پانچ ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیا۔
پاکستان نے بھارت کے ایک دھماکے کے جواب میں پانچ ایٹمی دھماکے کیے ۔عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے بہترین قومی مفاد میں اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا۔
ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا اور اس نے بھارتی حکمرانوں کے ’ون انڈیا‘ کے دیرینہ خواب کو چکنا چور کر دیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے اس سلسلے میں ایک قومی نغمہ بھی جاری کیا ہے جس کا مقصد اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایٹمی تجربات کے 24 سال مکمل ہونے پر دس روزہ تقریبات کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی شکل میں جارحیت یا مہم جوئی کو روکنے کی اپنی صلاحیت کو برقرار رکھتا ہے۔