وزیراعظم کی ہدایت پر عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کر دی گئی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ۔

 

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سابق وزیراعظم کیلئے مقرر سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی پر مکمل عملدرآمد کا حکم دیا گیا ۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے بنی گالہ ہاؤس کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور ایف سی کے 94 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔

 

ان اہلکاروں میں اسلام آباد پولیس کے 22 ، ایف سی کے 72 خیبرپختونخواہ پولیس کی طرف سے 36 ، جی بی پولیس کے 6 اہلکار شامل ہیں ۔ ایس ایم ایس سکیورٹی کمپنی کے 26 اور عسکری سیکیورٹی کمپنی کے 9 اہلکار بھی بنی گالا ہاؤس کی سیکیورٹی پر معمور ہیں ۔

 

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اسلام آباد سے باہر موومنٹ کے دوران اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں اور 23 اہلکار عمران خان کی سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے ۔ جبکہ رینجرر کی ایک گاڑی اور 5 اہلکار سابق وزیراعظم کے ساتھ ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں ۔

 

وزارت داخلہ کے زیر نگران تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی عمران خان کی سیکیورٹی سے متعلق معاملات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس سلسلے میں واضح ہدایات دے رکھی ہیں ۔

 

اس حوالے سے وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پاس اگر کوئی اطلاع ہے تو وہ ادارے کیساتھ ضرور شئیر کریں ۔ جس کے بعد وزارت داخلہ ، سابق وزیراعظم عمران خان سے حاصل شدہ معلومات اور شواہد کی روشنی میں مزید اقدامات کریگی ۔

 

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کو بھی عمران خان کے جلسوں کے دوران سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم نے عمران خان کو فوری چیف سکیورٹی آفیسر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔