وزیراعلیٰ پنجاب سے پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات، سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد کی ملاقات ، سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں مل جل کر چلنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ، قمرالزمان کائرہ ، رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی اور حسن مرتضیٰ بھی شامل تھے ۔ پی پی پی قیادت نے وزیراعلیٰ محمد حمزہ شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا ۔ جس پر انہوں نے بھرپور تعاون کرنے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ اتحادی ہمارے دوست اور بھائیوں کی مانند ہیں ۔ رواداری اور احساس حقیقی سیاسی روایات ہیں جبکہ عہدے عارضی ہوتے ہیں ، انسانیت سے محبت ترجیح ہونی چاہیے ۔ آئینی اور جمہوری اقدار کو مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو چکا ہے جہاں سے چار سال پہلے منقطع ہوا تھا ۔ وقت کم ہے ، دن رات کام کرنا ہوگا ۔ دوستوں کے مشوروں کا خیر مقدم کریں گے ۔ ہم سب ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے یکجا ہو کر کام کر رہے ہیں ۔

خیال رہے کہ سردار اویس لغاری ، خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر ، عطا اللہ تارڑ اور عمران گورایہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔