بھارت میں مودی سرکار کی غلط معاشی پالیسیوں کیخلاف ہڑتال

ممبئی: بھارت میں مودی سرکار کی غلط معاشی پالیسیوں کے خلاف کروڑوں مزدوروں نے ملک گیر ہڑتال شروع کر دی ہے ۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کی تمام مزدور یونینز کی جانب سے ہڑتال کے بھر پور انتظامات کیے گئے ہیں ۔ ہڑتال میں صنعتی کارکنوں ، ملازمین اور کسانوں کے بہتر حقوق کے مطالبات کیے جا رہے ہیں ۔

 

مزدور یونینز چاہتی ہیں کہ حکومت وسیع غیر منظم سیکٹر میں مزدوروں کے لیے یونیورسل سوشل سیکیورٹی کور فراہم کرے ، مزدوروں کی کم از کم اجرت میں اضافہ کرے اور پبلک سیکٹر کے بینکوں کی نجکاری کو روکے ۔

 

اس کے علاوہ ہڑتال کرنے والے حکومت سے ریاستی اثاثوں کو منیٹائز کرنے کے اپنے منصوبوں کو روکنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں ۔

 

آل انڈین ٹریڈ یونین کانگریس، جو ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ یونینوں میں سے ایک ہے، نے کہا کہ وہ 200 ملین سے زیادہ رسمی اور غیر رسمی کارکنوں کے ہڑتال میں شامل ہونے کی توقع کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں نئی دہلی ، ممبئی ، کولکتہ اور دیگر بڑے شہروں میں مظاہروں کا منصوبہ بنایا گیا تھا ۔

 

دوسری جانب ، وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کا کہنا ہے کہ کچھ سرکاری بینکوں کی پرائیویٹائزیشن سے بینکنگ انڈسٹری کی بحالی ہوگی اور یہ کہ اثاثہ منیٹائزیشن ماڈل اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے رقم جمع کرنے میں مدد کرے گا ۔