لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما اور سابق رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان نے ترین گروپ سے علیحدگی اختیار کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق ترین گروپ کی گزشتہ روز عبدالعلیم خان سے اُن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات ناکام رہی ہے، ترین گروپ کے بعض اراکین کی وجہ سے دونوں گروپوں میں معاملات طے نہ ہو سکے اور دوریاں برقرار رہیں جس کے بعد عبدالعلیم خان نے اپنی سیاسی حکمت عملی تبدیل کرنے کا حتمی فیصلہ کر تے ہوئے ملاقاتوں کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران عبدالعلیم خان نے ترین گروپ کے رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا جس پر ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے اپنے گروپ کے سخت گیر ارکان کے رویے کی وضاحت کرتے ہوئے معذرت بھی کی، تاہم علیم خان نے معذرت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ عبدالعلیم خان لندن کے دورے کے بعد گزشتہ روز وطن واپس پہنچے جہاں ان کی سابق وزیر اعظم نواز شریف سے بھی اہم ملاقات ہوئی تاہم وہاں بھی جہانگیر ترین اور علیم خان کی ملاقات نہ ہو سکی تھی۔