تین ہزار امریکیوں کا یوکرائن جا کر روس کیخلاف لڑنے کا اعلان 

 

کیف : 12 دن سے جاری یوکرائن اور روس کے درمیان جنگ میں  تین ہزار امریکی شہریوں نے بطور رضاکار یوکرائن جا کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

واشنگٹن میں یوکرائن کے سفارت خانے کے ایک نمائندے نے وی او اے کو بتایا کہ یوکرائن کے غیر ملکی رضاکاروں کو بھرتی کرنے والے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے اندازاً 3000 امریکیوں نے یوکرائن جا کر روس کا مقابلہ کرنے کی حامی بھری ہے۔

 

امریکا اور یورپین ممالک یوکرائن میں لڑنے کے لیے اپنی افواج نہیں بھیج رہے لیکن وہ یوکرائن کو اسلحہ فراہم کر رہے ہیں تاکہ اس ملک کی لڑائی میں مدد کی جا سکے۔ انھوں نے روس اور روسی ارب پتیوں، پیوٹن کے قریبی ساتھیوں اور رہنماؤں پر اقتصادی پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔

 

یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور دیگر سینئر یوکرائنی حکام نے لڑائی میں مدد کے لیے غیر ملکی رضاکاروں کے ایک ’بین الاقوامی لشکر‘ کی تشکیل پر زور دیا ہے۔ کچھ دن قبل زیلنسکی کا کہنا تھا کہ تقریباً 16000 غیر ملکیوں نے رضاکار کے طور پر یوکرائن کی لڑائی میں مدد کرنے کی حامی بھری ہے۔

امریکاروسیوکرائن