پاکستان کو روس سے متعلق اپنی پوزیشن کے بارے میں بتا دیا، امریکا

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو روس سے متعلق اپنی پوزیشن کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

 

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ روس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری دیرینہ شراکت داری اور تعاون ہے، جمہوری پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔

 

نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ہر ذمہ دار جمہوری ملک روس پر باور کرائے کہ عدم استحکام پھیلانے والی جنگ سے بچا جائے۔

 

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان روس کے صدر پیوٹن سے آج اہم ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات اور افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پر بات ہوگی۔

 

وزیراعظم اور روسی ڈپٹی وزیراعظم کی ملاقات بھی شیڈول ہے۔ ڈپٹی وزیراعظم روس کے ساتھ ملاقات میں توانائی کے شعبہ سے متعلق امور پر گفتگو ہو گی۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کرنٹ افئیرز کے معروف روسی اینکر میخائل گسمین کو انٹرویو بھی دیں گے۔

 

وزیراعظم عمران خان اسلامک سینٹر ماسکو کا دورہ کریں گے۔  روسی فیڈریشن کے گرینڈ مفتی سے ملاقات کریں گے۔ وہ نجی ہوٹل میں روس کی معروف کاروباری شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے،وزیراعظم 24 فروری کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔

 

Ned pricePakistanRussiaUSA