لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن کے پلے آف مرحلے سے قبل پشاور زلمی کو دوسرا بڑا جھٹکا لگ گیا۔ ایک اور غیر ملکی کھلاڑی نے وطن واپسی کا عندیہ دیدیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں شامل غیر ملکی کرکٹرز کی بہانے بازیاں جاری ہیں، پشاور زلمی میں شامل غیر ملکی کھلاڑی ردر فورڈ کے ایونٹ سے دستبردار ہونے کے بعد پشاور زلمی کے ہی ایک اورکرکٹر لیونگسٹن نے انگلی پرمعمولی انجری کا بہانہ بنا کر باقی میچ کھیلنے سے معذر ت کرتے ہوئے پی ایس ایل کے سفر کے اختتام کا عندیہ دیدیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پشاور زلمی کی ٹیم میں شامل انگلش کرکٹر لیونگسٹن نے بھی وطن واپسی کا عندیہ دیدیا ہے، جس کے بعد پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے میگا ایونٹ ادھورا چھوڑ کر جانے والوں میں ایک اور نام شامل ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیونگسٹن بائیو سیکور ببل سے اکتا کر وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلوی کرکٹر جمیز فالکنر بھی پی سی بی کے رویے کی شکایت کرتے ہوئے ایونٹ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہو گئے تھے۔
انہوں نے پی سی بی پر رقم کی عدم ادائیگی کے الزامات عائد کیے۔
تاہم پی سی بی نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹر کے بیانات کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیدیا۔
بینک ریکارڈ کے مطابق جمیز فالکنر کی جانب سے رقم کی ہیرا پھیری کا بھی انکشاف سامنے آیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سے اچانک غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے ایونٹ کو ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کے معاملات نے کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں جبکہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو بھی بے حد مایوس کر دیا ہے۔