عماد وسیم کو غصہ دکھانا مہنگا پڑ گیا، سزا مل گئی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے آل راؤنڈر عماد وسیم کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ عماد وسیم گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف کھیلے گئے میچ کے دوران پی ایس ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ۔ 
یہ واقعہ میچ کے پہلے اوور میں اس وقت پیش آیا جب عماد وسیم نے رحمن اللہ گرباز کے ہاتھوں 2 چھکے کھانے کے بعد انہیں بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ عماد وسیم نے الزامات تسلیم کر کے میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ قبول کر لیا ہے جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ 
واضح رہے کہ آن فیلڈ امپائر آصف یعقوب، رچرڈ ایلنگورتھ، تھرڈ امپائر راشد ریاض اور فورتھ امپائر ناصر حسین نے عماد وسیم پر جارحانہ رویہ اختیار کرنے کے الزامات عائد کئے جبکہ اس طرح کی خلاف ورزی کی صورت میں کھلاڑی پر کم از کم آفیشل وارننگ اور میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ 
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا یہ میچ انتہائی سنسنی خیز رہا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو صرف ایک سکور سے شکست دی۔ عماد وسیم نے ناصرف 2 وکٹیں حاصل کیں بلکہ انتہائی مشکل وقت میں 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بھی بنائے مگر اپنی ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔