وزیر اعظم سے سعودی وزیر داخلہ شہزاد ہ عبد العزیز کی ملاقات کا اعلامیہ جاری

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران  خان سے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود بن نائف السعود کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ،جس میں وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کو فروغ دینے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے لیے مملکت سعودی عرب کی کوششوں کا اعتراف کیا،وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی کے وژن کی بھی تعریف کی،وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات میں سعودی ولی عہد کے گراں قدر تعاون کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے مشکل وقت میں پاکستان کی مستقل حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا،وزیراعظم نے پاکستان کو دی جانے والی حالیہ مالیاتی بجٹ امداد پر بھی سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا،اس کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کی ،اس موقع پر وزیر اعظم نے  مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے  عوام سے عوام کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مجرمان کی منتقلی کے معاہدے پر بھی بات ہوئی۔

وزیر اعظم نے کہا امید ہے اس فریم ورک کے ذریعے سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی ایک بڑی تعداد کو پاکستان واپس بھیجا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز نے وزیر اعظم کو ولی عہد شہزادہ کی جانب سے تہنیتی مبارکباد پیش کی،سعودی وزیرداخلہ نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کا بھی اعتراف کیا،سعودی وزیرداخلہ کا اپنی وزارت سے متعلق تمام معاملات پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،انہوں نے کہا پاکستان اور سعودی عرب ایک برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،پاک سعودی تعلقات باہمی اعتماد، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کرنے کی مستقل روایت پر مشتمل ہیں۔