چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کامیاب رہیں جن کا پاکستان کو فائدہ ہو گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ پاکستان میں کرپٹ ٹولہ ذاتی مفادات کی سیاست میں لگا ہوا ہے،چینی قیادت کےساتھ ملاقاتیں کامیاب رہیں جن کا پاکستان کو فائدہ ہو گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماوَں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے دورہ چین اور وہاں ہونے والے معاہدوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،وفاقی وزیر اسد عمراور معاون خصوصی سی پیک خالد منصور نے شرکا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی امور پر پاکستان کے موقف کو پذیرائی مل رہی ہے اور دورہ چین تاریخی اور گزشتہ دوروں سے مختلف تھا۔

چین سیاسی اور جغرافیائی امور پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور چین پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے،چین نے مسئلہ کشمیر اور افغانستان کے معاملے پرپاکستان کے موقف کی تائید کی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب اورخیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی پر غورکیاگیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف پنجاب اورخیبرپختونخوا میں بڑے پیمانے پرجلسے کرے گی۔

وزیراعظم نے سی ای سی کمیٹی کوبطور پارٹی چیئرمین گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے طریقہ کار پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچہ کو منظم کیا جائے۔ ہمارے کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

بلدیاتی انتخابات میں میرٹ پر ٹکٹیں تقسیم کی جائیں گی اور تحریک انصاف ملک کی مقبول جماعت ہے جبکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے دورہ چین کی کامیابی کواجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی

China VisitPM Imran Khan