روپے کے مقابلے ڈالر مزید سستا، سٹاک مارکیٹ میں 100 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

 

کراچی: آئی ایم ایف قرض پروگرام بحالی کے بعد  سے امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آرہی ہے، آج ڈالر   روپے کے مقابلے میں مزید  92 پیسے سستا ہو گیا۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز امریکی ڈالر روپے کے مقابلے میں 175 روپے سے نیچے آ گیا اور انٹربینک ٹریڈنگ میں 174.60 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 89 پیسے کا اضافہ ہوا جو 31 دسمبر کے بعد سب سے بڑا اضافہ تھا۔

 

دوسری جانب  پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں بھی  100 انڈیکس میں آج  100 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

 

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز کے آغاز میں 104 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا اور 100 انڈیکس 45 ہزار  967 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

 

ماہرین کے مطابق چند روز قبل آئی ایم ایف نے قرض کی 1 ارب ڈالر کی چھٹی قسط کی منظوری دی ہے جس سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور حصص کی خرید کا رجحان زیادہ ہے جس کا مثبت رجحان مارکیٹ میں نظر آرہا ہے۔