شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والے افسران تبدیل

لاہور: شوگر سکینڈل کیس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور ان کے اہل خانہ کی مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسران کو تبدیل کر دیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے مستعفی ہونے کے بعد ڈی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے معروف اور اہم ترین مقدمات کی تحقیقات کرنے والے افسران کو تبدیل کردیا ان کیسز میں شوگر سکینڈل اور منی لانڈرنگ کے کیسز بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے میں 9 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے تبادلے کئے گئے ہیں جن میں جہانگیر ترین، شہباز شریف، حمزہ شہباز کے کیسز کے تفتیشی افسر ان بھی شامل ہیں اور ان افسران کی خدمات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساﺅتھ کراچی کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے لاہور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید علی مردان شہباز شریف حمزہ شہباز اور سابق ڈی جی بشیر میمن کے خلاف تحقیقات کرنے والی جی آئی ٹی کا بھی حصہ ہیں، لیکن انہیں بھی تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عماد ارشد اور رانا فیصل بھی اہم کیسز کی تحقیقات میں شامل تھے، اب وہ بھی تبدیل ہوگئے ہیں۔
دیگر تبدیل ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز میں عبدالقیوم ، زوار احمد، شیراز عمر، ندیم احمد ، صبغت اللہ خان بھی شامل ہیں، ان تمام افسران کو لاہور سے کراچی زون رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔