کراچی: رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے اداکارہ و میزبان نادیہ خان کیخلاف والدہ کی تضحیک آمیز ویڈیو کے معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دینے کے بعد اب قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے 5 کروڑ ہرجانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی لیڈر شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کو بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں کہا ہے کہ اداکارہ 15 روز میں اپنے دئیے گئے بیانات واپس لیں، ساکھ کو نقصان پہنچانے اور والدہ کی مرضی کے بغیر ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے پر 5 کروڑ ہرجانہ ادا کریں۔
شرمیلا فاروقی نے مؤقف اپنایا کہ نادیہ خان نے والدہ کیساتھ پہلے ویڈیو بنائی جس میں طنزیہ اندازہ واضح ہے، بعد ازاں بغیر اجازت اس کو سوشل میڈیا پر وائرل بھی کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ میری والدہ پرائیویٹ شخصیت ہیں، نہ سیاست سے تعلق ہے نہ شوبز سے وابستہ ہیں، نادیہ خان نے ان کی ویڈیو کے ذریعے تضحیک کی اور سوشل میڈیا پر بغیر اجازت اپلوڈ کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ صبور علی کی شادی کی تقریب میں نادیہ خان اور شرمیلا فاروقی کی والدہ (انیسہ فاروقی) کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں نادیہ خان شرمیلا فاروقی کی والدہ سے ان کے میک اپ کے بارے میں سوالات کر رہی ہیں جس کو پی پی رہنما سمیت سوشل میڈیا صارفین نے بھی طنزیہ محسوس کیا اور نامناسب قرار دیا۔ جس کے بعد پیپلز پارٹی کی رہنما نے نادیہ خان کیخلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
دوسری جانب نادیہ خان اپنی ایک ویڈیو میں انیسہ فاروقی کیساتھ کسی قسم کےتضحیک آمیز رویے کے الزام کو رد کر چکی ہیں۔