اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی غیر حاضری کا مطلب حکومت کو سپورٹ کرنا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر ن لیگ کے ساتھ کھیل کھیلا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ سے اسٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کی منظوری میں بھرپور حمایت پر اتحادی جماعتوں کے مشکور ہیں۔ سابقہ ادوار میں بھی اسٹیٹ بینک قوانین میں ترمیم ہوئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک پارلیمنٹ کو جوابدہ تھا اور رہے گا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سینیٹ میں اکثریت کے باوجود اپوزیشن کو شکست ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کر لیا، بل کے حق میں 43 اور مخالفت میں 42 ووٹ آئے۔
اے این پی کے عمر فاروق کانسی بل کی منظوری کے وقت ایوان سے نکل گئے، اپوزیشن کے دلاور خان نے حکومت کو ووٹ دیا، پی ٹی آئی کی ڈاکٹر زرقہ طبیعت خرابی کے باعث ایوان میں آکسیجن سلینڈر کےساتھ آئیں، جبکہ بل کی منظوری پر ایوان میں اپوزیشن کے نعرے، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
بل منظور ہونے کے بعد وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ایوان بالا میں تحریک انصاف کے اراکین کو مبارک باد دی اور کہا کہ قومی مفاد کی نگہبانی کے علاوہ پاکستان میں سیاست کا دوسرا کوئی راستہ اب باقی نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی مداخلت کے متعارف کردہ کلچر نے ریاستی و حکومتی اداروں کی قوت کو تباہ کیا، ایوانِ بالاکی آج کی کارروائی کے بعد حزب مخالف ’’ان ہاؤس‘‘اور ’’آؤٹ ڈور‘‘ شرارتیں ترک کرے۔