اسلام آباد: وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 3 سے 5 فروری تک چین کا دورہ کریں گے جہاں ان کی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات ہو گی تاہم ان کے دورے کا اصل مقصد چین میں منعقدہ اولمپکس میں شریک ہونا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے متوقع دورہ چین کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ چین کےساتھ ہمارے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، مشترکہ منصوبوں کوآگے بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دی جس کی وزیراعظم کی سربراہی میں کئی نشستیں ہوئیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان نشستوں میں تفصیلی مشاورت کی گئی اور سٹیک ہولڈرز کا نقطہ نظر شام کر کے حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس کی بنیاد پر چین کی قیادت سے رابطہ کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان 3 سے 5 فروری چین کادورہ کریں گے جہاں ان کی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات ہو گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ کے علم میں ہے کہ کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے، پاکستان اورچین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، دورہ چین کا بنیادی مقصد اظہار یکجہتی ہے، سائیڈلائن پر ملاقاتیں اور گفت وشنید بھی ہوگی۔