کورونا کیس سامنے آنے پر سکول کی بجائے کلاس روم بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ اور وزارت تعلیم نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کی صورت میں سکول کی بجائے کلاس رومز بند کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ اور وزارت تعلیم نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر مشترکہ فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ کورونا کیسز آنے پر سکول بند کرنے کے بجائے صرف کلاس کو چھٹی دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق فیصلہ بچوں کی تعلیم کے حرج کو روکنے کیلئے کیا گیا ہے اور نئی پالیسی پر انتظامیہ نے صرف کلاس روم بند کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کو بھی ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے ہدایات دیدی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب متعدد تعلیمی ادارے بند کئے جا چکے ہیں جس کے باعث بچوں کی تعلیم کا حرج ہو رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ نے اب سکول کے بجائے کلاس روم بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
قبل ازیں ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز سامنے آنے پر شہر میں مزید 9 سکولوں اور ایک کالج کو بند کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کے نام مراسلہ ارسال کر کے مذکورہ سکولوں اور کالج کی تفصیلات سے مطلع کر دیا تھا۔ 

corona viruscovid-19Daily NaibaatDaily Naibaat newspaperSchools